جموں//
معاشرے سے منشیات کی وبا کے قلع قمع کو یقینی بنانے کیلئے جموں کشمیر پولیس کی طرف وسیع پیمانے پر مہم جاری ہے جس کے نتیجے میں آئے روز منشیات فروشوں کی گرفتاریاں اور نشہ آور مواد بر آمد کیا جا رہا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس نے برین پٹن علاقے میں ایک ناکہ پر تلاشی کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے۷ء۳۹۰گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دو منشیات فروش موٹر سائیکل پر سوار تھے اور پنجاب سے کٹھوعہ کی طرف آ رہے تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں کا تعلق کٹھوعہ سے ہے اور ان کی موٹر سائیکل کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
دریں اثنا پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے اودھم پور کے چنانی علاقے میں ایک ٹرک سے قریب ۱۲کلو فکی بر آمد کرکے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرک پنجاب کی طرف جا رہا تھا۔
ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ فکی کی صورت میں جو یہ نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا اس کا وزن قریب۱۲کلو ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ مواد ڈرائیور نے اپنے کیبن میں رکھا تھا اور اس سلسلے میں ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا۔