نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو سائبر سیکورٹی کیلئے سازوسامان کی تیاری میں خود انحصاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی نوجوان نسل تکنیکی انقلاب کی قیادت کر رہی ہے اور ملک۶جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے میدان میں لیڈر بننے کے لیے پرعزم ہے ۔
مودی یہاں بھارت منڈپم میں انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی۲۰۲۳) کا افتتاح کر رہے تھے ۔
اس موقع پر انہوں نے ملک کی۱۰۰یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فائیو جی ایپ ڈویلپمنٹ لیبارٹریز کے افتتاح کا بھی اعلان کیا۔
پرگتی میدان کے بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والی اس سہ روزہ کانفرنس میں ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر انڈسٹری کی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ٹیلی کام سیکٹر کے سرکردہ کاروباریوں نے ڈیجیٹل ٹکنالوجی اور میک ان انڈیا کے مسٹر مودی کے وژن کی بہت تعریف کی۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ ہندوستان میں ترقی اور وسائل کے فوائد تمام لوگوں اور تمام خطوں تک پہنچیں اور ہر ایک کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع ملے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں یہ سب سے بڑا سماجی انصاف ہے ۔
انٹرنیٹ ٹکنالوجی پر بڑھتے ہوئے انحصار کے موجودہ دور میں سائبر سکیورٹی اور بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مودی نے جمعہ کو کہا کہ سائبر سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نیٹ ورک آلات کے معاملے میں خود انحصاری بہت ضروری ہے ۔ وزیراعظم نے اس کانفرنس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی نمائش بھی دیکھی۔ انہوں نے دہلی اور آس پاس کے علاقوں کے نوجوانوں سے نمائش میں آنے اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کی سمت کو دیکھنے اور اس سے تحریک لینے کی اپیل کی۔
سائبر سیکورٹی کی اہمیت کے بارے میں انہوں نے کہا’’آپ سب جانتے ہیں کہ سائبر سیکورٹی اور انفراسٹرکچر کی سائبر سیکورٹی کتنی اہم ہے ۔ حال ہی میں منعقدہ جی۲۰سربراہی اجلاس میں اس موضوع پر خصوصی طور پر بحث کی گئی اور کہا گیا کہ جمہوری معاشرے کو پریشانی پیدا کرنے والوں سے محفوظ رکھنے کیلئے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون ضروری ہے ۔
مودی نے کہا کہ مینوفیکچرنگ چین میں خود انحصاری کو خاص اہمیت حاصل ہے ، جب یہ سامان ملک کی حدود میں بنایا جائے گا تو خطرہ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان۲۰۱۴کے بعد ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے میدان میں نئی جہتیں طے کر رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم ہندوستان میں نہ صرف۵جی کو تیزی سے پھیلا رہے ہیں بلکہ۶جی کے میدان میں بھی لیڈر بننے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ۲۱ویں صدی کا یہ دور ہندوستان کی سوچی سمجھی قیادت (نئی سوچ کے حامل افراد) کا دور ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ۲۰۱۴کوئی تاریخ نہیں بلکہ ہندوستان میں تبدیلی کی علامت ہے ، خیال ر ہے کہ۲۰۱۴ کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی حکومت برسراقتدار آئی تھی۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف ملک میں ۵جی نیٹ ورک کو بڑھا رہا ہے بلکہ۶جی میں لیڈر بننے پر بھی زور دے رہا ہے ۔۲جی کے دوران ہونے والے گھپلہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں شروع کیے گئے۴جی نیٹ ورک کی ترقی مکمل طور پر شفاف طریقے سے کی گئی ہے ۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہندوستان۶جی ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک اہم کردار ادا کرے گا۔