سرینگر//
سینئر آئی پی ایس افسر آر آر سوائن، جو اس وقت جموں و کشمیر پولیس میں اسپیشل ڈی جی(سی آئی ڈی) کے طور پر کام کررہے ہیں، کو جمعہ کو یو ٹی کی پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر یکم نومبر سے اضافی چارج دیا گیا۔
ایک سرکاری حکم کے مطابق سوائن موجودہ پولیس سربراہ‘دلباغ سنگھ سے چارج لیں گے، جو ۳۱؍ اکتوبر کو جموں و کشمیر کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے پولیس سربراہ کے طور پر ریٹائر ہوں گے۔
وزارت امور داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا’’مجاز اتھارٹی کی منظوری کے ساتھ شری آر آر سوین، آئی پی ایس، جو اس وقت سی آئی ڈی جموں و کشمیر کے خصوصی ڈی جی کے طور پر تعینات ہیں، اگلے احکامات تک یکم نومبر۲۰۲۳سے جموں وکشمیر کے انچارج ڈائریکٹر جنرل پولیس کا اضافی عہدہ بھی سنبھالیں گے ‘‘۔
بتادیں کہ آر آر سوین قبل ازیں سری نگر اور رام بن اضلاع میں بحیثیت ایس ایس پی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
یادرہے کہ۲۰۰۳سے۲۰۰۴تک سوین سرینگر کے ایس ایس پی رہ چکے ہیں، وہ کچھ عرصہ ایس ایس پی جموں کے عہدے پر بھی فائز تھے۔ وہ ایس ایس پی لیہہ، پونچھ اور رام بن کے عہدے بھی سنبھال چکے ہے۔
اپنی دیانتداری اور عزم کے لیے پہچانے جانے والے جموں و کشمیر سی آئی ڈی کے سربراہ سوین، اس سے قبل۲۰۰۴سے۲۰۰۶تک جموں کشمیر ویجیلنس ایجنسی میں اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
اس کے بعد، سوین مرکزی ڈیپوٹیشن پر چلے گئے، جہاں وہ متعدد عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مخصوص ڈومینز میں اپنی مہارت کی وجہ سے غیر معمولی افسران کے لیے بیرون ممالک میں بنی ان کی پوسٹنگ کی گئی تھی۔
جموں کشمیر سرکار کی جانب سے مرکز سے ان کی خدمات کے لئے درخواست کے بعد سوین کو جون ۲۰۲۰ میں جموں و کشمیر واپس بھیج دیا گیا۔ انہوں نے۱۵جون کو بی سری نواس کی جگہ جموں و کشمیر کے سی آئی ڈی چیف کا عہدہ سنبھالا، بی سری نواس ۱۹۹۰ بیچ کے جے اینڈ کے کیڈر کے ایک آئی پی ایس افسر تھے۔ سری نواس اب ڈی جی پی کے طور پر پانڈیچری میں تعینات ہے۔