سرینگر//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ‘دلباغ سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ مژھل سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔
سنگھ نے بتایا کہ ایل او سی پر دراندازی کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں کیونکہ پاکستان زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔
ڈی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ کپواڑہ میں ایل او سی کے اس پار۱۶لانچنگ پیڈاور تربیتی کیمپ موجود ہیں۔
ان باتوں کا اظہار پولیس سربراہ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ مژھل سیکٹر میں فوج اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔
سنگھ کے مطابق تصادم آرائی کے دوران چند ملی ٹینٹ مارے گئے ، آپریشن اختتام پذیر ہونے کے بعد ہی جاں بحق دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے ۔پولیس سربراہ نے مزید بتایا کہ فوج اور پولیس کی جانب سے ایل او سی پر دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کپواڑہ میں ایل او سی کے اُس پار سولہ تربیتی کیمپ اور لانچنگ پیڈ ہیں۔
ڈی جی پی نے کہاکہ سرحدوں پر دراندازی کی کوششیں لگاتار جاری ہے لیکن سیکورٹی ایجنسیاں بھی ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمسایہ ملک زیادہ سے زیادہ ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے ۔
سرگرم ملی ٹینٹوں کی تعداد کے بارے میں پولیس چیف سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ آج کی تاریخ میں قلیل تعداد میں ملی ٹینٹ سرگرم ہیں۔
سنگھ نے کہاکہ دہشت گردوں کا صفایا ہونے سے لوگوں نے بھی راحت کی سانس لی ہے کیونکہ اب یہاں کا عوام امن ، خوشحالی چاہتا ہے ۔
پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ سیکورٹی ایجنسیوں اور سیول انتظامیہ کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں اس وقت امن و امان کا ماحول ہے اور کسی کو بھی خرمن امن میں آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔