رینس// ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے منگل کو فرنچ اوپن 2023 ویمنزسنگلزایونٹ کے پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں انڈونیشیا کی گریگوریہ ماریسکا تنجنگ کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔
آج فرانس رینس کے گلیز ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پی وی سندھو انڈونیشیا کی گریگوریہ ماریسکا تنجنگ سے پہلا گیم ہار گئیں، لیکن انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 69 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 12-21، 21-18، 21-15 سے کامیابی حاصل کی۔
پی وی سندھو پہلے گیم کے شروعات میں ہی 7-2 سے پیچھے رہنے کے بعد بیک فٹ پر آگئیں۔ دو بار کی اولمپک میڈلسٹ اور سابق عالمی چیمپئن نے واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 13-11 کرلیا۔ لیکن اس کے بعد گریگوریہ ماریسکا تنجنگ نے لگاتار پوائنٹس بنا کر پہلا گیم جیت لیا۔
دوسرے گیم میں بھی پی وی سندھو 4-1 سے پیچھے ہو گئیں۔ اس کے بعد وہ اسکور کو 4-4 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور پھر کھیل کے وسط میں چار پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی۔ سابق جونیئر ورلڈ چیمپیئن گریگوریا ماریسکا تنجنگ نے اسکور 15-آل پر برابر کر دیا اور 18-16 تک اسکور پہنچاتے ہوئے میچ جیتنے کے آگے بڑھیں۔ تاہم، پی وی سندھو نے اپنی حریف گریگوریہ ماریسکا تنجنگ کو مضبوط دفاع کے ساتھ غلطیاں کرنے پر مجبور کردیا اور دوسرا گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔
تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان لمبی ریلیاں دیکھنے میں آئیں۔ پی وی سندھو نے اس گیم میں اپنی گرفت برقرار رکھی اور 69 منٹ تک جاری رہنے والے میچ کو جیت لیا۔
پی وی سندھو رینس میں خواتین کے سنگلزایونٹ میں مقابلہ کرنے والی واحد ہندوستانی ہیں۔