متھر// ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے ایک دن بعد ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ منگل کو سنت پریمانند مہاراج کے آشرم پہنچے اور ان کا آشیرواد لیا۔
وراٹ اور انوشکا ٹیکسی کے ذریعے ورنداون میں پریمانند کے آشرم پہنچے اور 20 منٹ تک قیام کیا۔ اس دوران سنت پریمانند نے ان دونوں کی خیریت دریافت کی اور انہیں ایشور کو حاصل کرنے کے لیے رادھا کے نام کا جاپ کرنے کا مشورہ دیا۔ سنت نے کہا کہ خوشحالی، دولت اور مقبولیت گزشتہ زندگیوں کے اچھے اعمال کا نتیجہ ہو سکتی ہے لیکن یہ ایشور کے حصول کا راستہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایشور کا حصول مشکلات سے ہوتا ہے۔ لہٰذا زندگی میں جب بھی برے حالات پیدا ہوں تو ہمیں خوش ہونا چاہیے کہ ایشور نے ہمیں حصولِ الٰہی کا راستہ دکھانا شروع کر دیا ہے۔ کلیوگ میں رادھا کے نام کے جاپ سے ہی ایشور کے حصول کا راستہ ہموار کیا جا سکتا ہے۔
وراٹ اور انوشکا پرسکون انداز میں ان کا وضع سنتے رہے۔ بعد ازاں وہ ان سے آشیرواد لے کر وہاں سے چلے گئے۔ غور طلب ہے کہ وراٹ اور انوشکا سنت پریمانند کے پیروکار ہیں اور وقتاً فوقتاً یہاں ان کا آشیرواد لینے آتے رہتے ہیں۔ وراٹ نے پیر کو ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کو الوداع کہہ دیا ہے۔