سرینگر//
’بھارت ایک طاقت ور ملک ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔‘‘
مرکزی وزیر مملکت نتیانند رائے نے ان باتوں کا اظہار وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
وزیر مملکت گاندربل کے دورے کے دوران ضلع میں تعمیر و ترقی کے منظر نامے کا بھی جائزہ لیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائدوں سے بات کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا ’’دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔‘‘ رائے کا کہنا تھا’’جموں کشمیر میں سیاحوں کے آنے کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ یہاں ہزاروں کی تعداد میں سیلانی آتے ہیں جس سے سیاحت سے جڑے لوگوں کی آمدن میں کافی اضافہ ہوا ہے اور یو ٹی کی مجموعی معیشت مستحکم ہوئی ہے‘‘۔
وزیر مملکت نے مزید کہا ’’پہلے یہاں کے لوگ جہاں ملٹنسی کی وجہ ڈر ڈر کے جی رہے تھے وہیں آ ج لوگ بے خوف اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘ اْنہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر میں ملی ٹنسی آخری سانسیں لے رہی ہے۔
رائے نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ’’سرحد پار کے بہکاوے میں نہ آئیں بلکہ قومی دائرے میں آکر اپنی زندگی خوشگوار بنائیں۔‘‘ اْنہوں نے سخت لہجے میں، نام لیے بغیر پاکستان کو، پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر وہ ملی ٹنسی کو شہہ دینے سے باز نہیں آئے تو اْنکو اس کا سخت خمیازہ اْٹھانا پڑے گا۔‘‘
وزیر مملکت کے مطابق ’’آج کا بھارت۱۹۴۷ والا بھارت نہیں ہے بلکہ بھارت کے پاس ٹریکٹر سے لیکر رافیل تک سب کچھ موجود ہے اور کسی بھی دشمن کو دندان شکست جواب دے سکتے ہیں۔‘‘
رائے نے کہا کہ اْنہوں نے سرحد پر بھی حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور ’’ملک کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہے اور کوئی بھی دشمن اگر سرحدوں کی طرف غلط نگاہ سے دیکھے گا تو اْس کو سخت جواب دیا جائے گا‘‘۔
اسرائیل فلسطین جنگ کے بارے میں اْنہوں نے کہا کہ ’’ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حوالے سے اپنا موقف پہلے ہی واضع کیا ہے۔‘‘
دریں اثنا وزیر نے وائیل اور مانسبل میں کئی ترقیاتی پروجیکٹس کا جائزہ لیا جبکہ کئی پروجیکٹس کو قوم کے نام وقف کیا۔