سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ ‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ کشمیر اور کٹرا کے درمیان ریل رابطہ پورے ملک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا’’جب کشمیر ریل کٹرا سے منسلک ہو گی تو یہ ہمارے اور پورے ملک کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہو گا کیونکہ ہر کوئی بغیر کسی تکلیف کے سفر کر سکے گا‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ خراب موسم کے دوران ہائی وے بند ہو جاتی ہے لہذا ریل رابطہ جموں و کشمیر کے لیے ایک بڑا فروغ ہوگا۔ انہوں نے کہا ’’نئی کوچ جس کا آج افتتاح کیا گیا وہ مقامی لوگوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ ریلوے کا سفر سڑک کے سفر سے سستا ہے‘‘۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ کرایہ کا مسئلہ مرکزی وزارت ریلوے کے ساتھ اٹھائیں گے اور عام لوگوں کے وسیع تر مفاد کے لیے اسے حل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ہر کوئی کوچ میں سوار ہو کر سفر اور کشمیرکی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکے۔
ڈاکٹر عبداللہ نے غزہ کی صورتحال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام لوگ شدید مشکلات میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی ایک قرار داد‘ جس میں غزہ کیلئے امداد بھیجے کی بات کہی گئی تھی‘ کا امریکہ نے ویٹو کیا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ہی اسرائیل کا مہرابان ہے اور انہیں اس کا افسوس ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ عرب ممالک کو متحد ہو کر فلسطینیوں کی مدد کرنی چاہئے ۔