نئی دہلی//
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتے کے روز ایک ’اورینج‘الرٹ جاری کیا، جس میں جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں شدید بارش اور برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ یہ موسم کا پہلا شدید مغربی خلل ہے اور۱۷؍اکتوبر تک شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کو متاثر کرے گا۔
مغربی خلل موسمی نظام ہے جو بحیرہ روم کے علاقے میں شروع ہوتے ہیں اور شمال مغربی ہندوستان میں غیر موسمی بارش لاتے ہیں۔
ادھرمقامی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ہفتے کی علی ا لصبح سے وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج ہوئی۔
ادھر برف باری کے باعث بانڈی پورہ‘ گریز روڈ، سنتھن‘ کشتواڑاور مرگن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں۱۷؍اکتوبر تک برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے اور کسانوں سے اس دوران فصل کٹائی سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق راز دان ٹاپ پر تازہ برف باری کے باعث بانڈی پورہ ‘ گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں شروع ہوئیں جن کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے ۔
دریں اثنا نا ساز گار موسمی حالات کے پیش نظر سنتھن ‘کشتواڑ روڑ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔
ایس ڈی ایم کوکرناگ کی طرف جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا’سنتھن ٹاپ پر تازہ برف باری اور بدلتے ہوئے موسمی صورتحال کے پیش نظر سنتھن ‘ کشتواڑ اوع مرگن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں پر موسم سازگار ہونے اور برف ہٹانے تک ٹریفک معطل رہے گا۔