جموں//
بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے جموںکشمیر یونٹ کے صدر‘ رویندر رینا نے بدھ کے روز کہاکہ گپکار الائنس کے لیڈران سازشیں رچا رہے ہیں۔’’یہ لوگ جموں وکشمیر کے پر امن حالات سے خوش نہیں ہیں ‘‘۔
ان باتوں کا اظہار رینا نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رینا نے کہاکہ گپکار الائنس کی جموں میں کل جماعتی میٹنگ سے یہ عیاں ہوتا ہے کہ وہ سازشیں رچا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموںکشمیر میں اس وقت حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ پھر سے افرا تفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بی جے پی یوٹی صدر نے کہاکہ سال ۲۰۱۸میں جب بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا اعلان کیا گیا تو گپکار الائنس نے چناو بائیکاٹ کا فیصلہ لیا اور آج یہ کس منہ سے چناو کی باتیں کر رہے ہیں۔
رینا نے مزید کہاکہ پنچوں اور سرپنچوں کو کس نے یرغمال بنایا یہ سب کو معلوم ہے ۔انہوںنے الزام لگایا کہ گپکار الائنس جموں کشمیرکے خلاف سازشیں رچارہے ہیں اور انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ جموںکشمیر میں آج تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ لوگ دس اکتوبر کو دھرنا دینے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ان کے مطابق گپکار الائنس کے لیڈروں کوجموں وکشمیر کی ترقی اور امن راس ہی نہیں آرہا ۔
رینا نے کہاکہ پی ڈی پی اور نیشنل کانفرنس لاکھ کوششیں کریں ان کی سازشوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو ان کی اصلیت معلوم ہو چکی ہے اور یہاں کے لوگوں نے انہیں پوری طرح سے مسترد کیا ہے ۔