سرینگر/4اکتوبر
جنوبی ضلع کولگام کے کجر گاوں میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین جاری تصادم میں دو دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے کجر گاوں میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ان کے مطابق کچھ دیر تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو دہشت گردمارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
دریں اثنا مقامی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح کولگام کے کجر علاقے کو محاصرے میں لے کر دہشت گردمخالف آپریشن شروع کیا تواسی اثنا میں گاوں میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے کجر کے ساتھ ساتھ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔
مقامی ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت نے علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا ہے اور کسی کو بھی گاوں کی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں جبکہ سہ پہر کے بعد تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا گیا ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔