سرینگر/4 اکتوبر
آر ٹی او کشمیر سید شہنواز بخاری نے علما سے گذارش کی ہے کہ وہ منبروں کا استعمال کرکے محکمے کی روڈ سیفٹی کاوشوں کو کامیاب بنانے میں معاونت کریں۔
بخاری نے کہا کہ علما کی اپیل دل تک جاتی ہے لہذا وہ ہماری مدد کرسکتے ہیں۔
آر ٹی او کشمیر نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔
بخاری نے کہا”جو ہمارے علما ہیں میں ان سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ ہماری روڈ سیفٹی کاوشوں میں معاونت کریں ان کی اپیل دل تک جاتی ہے لہذا وہ ہماری مدد کرسکتے ہیں“۔
آر ٹی او کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہاں سڑک حادثوں کی پوزیشن صفر رہے ۔ بخاری نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ہماری انفورسمنٹ نے کارروائیوں کو تیز تر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لئے بھی ہماری انفورسمنٹ سڑکوں پر ہے ۔
بخاری کا کہنا تھا جہاں خلاف ورزی ہوتی ہے تو وہ جانکاری کی کمی ہوتی ہے جس کے لئے ہم جگہ جگہ خاص طور پر اسکولوں وغیرہ میں جانکاری مہمیں چلا رہے ہیں۔
آر ٹی او نے کہا کہ سٹنٹ بائیکروں کے جو معاملات سامنے آتے ہیں تو ان کے خلاف تحقیقات کے بعد تحت قانون کارروائی انجام دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو حال ہی میں رام باغ کا واقعہ سامنے آیا تو اس میں گاڑی کی رجسٹریشن اور ڈرائیور کی لائسنس منسوخ کی گئی اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔