سرینگر//
فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں نے منگل کو ایک بار پھر یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کو سامنے لا نے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے کہا کہ ہم فائر اینڈ ایمر جنسی کے امید وار لگاتار احتجاج کر رہے ہیں لیکن ہماری بات نہیں سنی جا رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا’’یہ سال۲۰۱۳سے پہلا سب سے بڑا اسکیم سامنے آیا ہے جس میں بڑی مچھلیاں پھنسی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایل جی صاحب نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جس کو ایک ماہ کے اندر رپورٹ سامنے لانی تھی لیکن وہ ابھی سامنے نہیں لائی گئی۔
موصوف نے کہا کہ ہم ہر ہفتے اور ہرمہینے یہاں احتجاج کر رہے ہیں تاکہ رپورٹ کا سامنے لایا جائے اور ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس سلسلے میں مداخت کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنامحکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں ایک بار پھر جمع ہو کر اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے ۔
اس موقع پر پی ایچ ای ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج محکمہ جل شکتی میں کام کرنے والے تمام عارضی ملازمین سرا پا احتجاج ہیں۔
پرے نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے حکومت ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔
ان کا کہنا تھا’’وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے۵؍اگست ۲۰۱۹کے بعد پارلیمنٹ میں جو وعدہ کیا تھا کہ عارضی ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کیا جائے گا، اس وعدے کو پورا کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔
پرے نے کہا’’وزیر اعظم اور ویزر داخلہ انتخابی مہم کیلئے یہاں آ رہے ہیں ان سے گذارش ہے وہ اپنا یہ وعدہ پورا کریں۔‘‘