ممبئی//
۲۰۰۰روپے کے۱۴ہزارکروڑ روپے کے نوٹوں کو جمع نہیں کرائے جانے کے پیش نظر ریزرو بینک آف انڈیا نے ان نوٹوں کو جمع کرنے یا تبدیل کرنے کی مدت کو سات دن بڑھا کر ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳کر دیا ہے ۔
ریزرو بینک نے کہا کہ ہفتہ کو۲۰۰۰روپے کے بینک نوٹ جمع کرنے یا تبدیل کرنے کی آخری تاریخ تھی، لیکن کل تک۱۴ہزارکروڑ روپے کے بینک نوٹ نہ تو جمع کیے گئے اور نہ ہی تبدیل کیے گئے ۔ اس کے پیش نظر تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
آر بی آئی نے کہا کہ۲۹مئی۲۰۲۳کوجب۲۰۰۰روپے کے بینک نوٹ کو گردش سے نکالا گیا تو اس وقت۵۶ء۳لاکھ کروڑ روپے مالیت کے بینک نوٹ گردش میں تھے ۔ ان نوٹوں کو جمع کرنے یا تبدیل کرنے کی تاریخ آج یعنی ۳۰ستمبر تک دی گئی تھی۔۲۹ستمبر تک صرف۴۲ء۳لاکھ کروڑ روپے مالیت کے نوٹ جمع یا تبدیل کیے گئے تھے ، جو زیر گردش نوٹوں کا۹۶فیصد ہے ۔ چار فیصد نوٹ اب بھی گردش میں ہیں۔
مرکزی بینک نے کہا کہ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳تک یہ نوٹ جمع کرائیں یا تبدیل کر لیں۔ اس کے بعد ان نوٹوں کو نہ تو تبدیل کیا جائے گا اور نہ ہی جمع کیا جائے گا۔