صاحب سیاستدانوں کا کیا کہ… کہ سیاستدان تو باتیں اور وعدے کرتے رہتے ہیں … باتیں جن کا سر ہوتا ہے اور نہ پیر‘ وعدے جنہیں کبھی پورا نہیں کیا جاتا ہے اور… اور اس لئے نہیں کیا جاتا ہے کیونکہ انہیں پورا کرنے کی کسی سیاستدان کی نیت نہیں ہو تی ہے… بالکل بھی نہیں ہو تی ہے ۔لیکن … لیکن صاحب مودی جی … اپنے مودی جی ایسے نہیں ہیں‘ بالکل بھی نہیں ہیں ۔ مودی جی جو کہتے ہیں کرتے ہیں اور… اور ہاں جو نہیں کہتے ہیں وہ تو سو فیصد کرتے ہیں… کر ڈالتے ہیں ۔۲۰۱۴ میں میں انہوں نے ’کانگریس مکت‘ بھارت کا نعرہ دیا تھا اور… اور آج ۸ برسوں بعد ان کا یہ نعرہ ‘ان کا یہ وعدہ تقریباً پورا ہورہا ہے … پورا ہونے جا رہا ہے ۔ اس مدت کے دورا ن… ۲۰۱۴ سے اب تک ان ۸ برسوں میں بھارت دیش میں۴۵؍ انتخابات ہوئے اور… اور ان انتخابات میں سے کانگریس نے ۵ جیت لئے ‘ ۴۰ میں اس کی ہار ہو ئی… مودی جی جب وزیر اعظم بن گئے تو…تو کانگریس ۹ریاستوں میں حکمرانی کررہی تھی… آج اس کے پاس صرف راجستھان اور چھتیس گڑھ ریاستیں ہی بچی ہیں… وہاں بھی انتخابات ہو نے دیجئے تو… تو مودی جی کا‘کانگریس مکت‘ بھارت کا خواب پو را ہوجائیگا اور… اور سو فیصد ہو جائیگا ۔ یقینا کانگریس جیسی پرانی سیاسی جماعت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا کوئی آسان کام نہیں تھا… بالکل بھی نہیں تھا‘ اس کیلئے مودی جی نے بڑی محنت اور مشقت کی … لیکن… لیکن صاحب یہ بھی حقیقت ہے کہ بھارت کو ’کانگرس مکت‘ بنانے میں صرف مودی جی کا ہاتھ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ان کے علاوہ ایک اور نے بھی ان کے اس خواب کو پورا کرنے کیلئے بڑی محنت کی ‘ مودی جی کا برا بر ساتھ دیا اور… اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ خود کانگریس ہے … جی ہاں کانگریس!کانگریس میدان ‘ انتخابی میدان میں جیتنے کیلئے نہیں اترتی ہے‘بالکل بھی نہیں اترتی ہے… بلکہ یہ رسم پوری کرنے کیلئے اتر تی ہے … ایسا نہیں ہے کہ وہ الیکشن جیتنا نہیں چاہتی ہے‘لیکن یہ بھی سچ ہے کہ اگر وہ سچ میں الیکشن جتنا چاہتی تو… تو پھر اپنی ان کمیوں اور خامیوں کو پہلے دور کرتی جن کی بار بار اور ہر بار نشاندہی تو کی جاتی ہے… لیکن ان کو دور نہیں کیا جارہا ہے… بالکل بھی نہیں کیا جارہا ہے …ان کمیوں اور خامیوں میں سر فہرست قیادت … ایک موثر قیادت کا فقدان ہے اور … اور سو فیصد ہے ۔ ہے نا؟