نئی دہلی//
وزیر اعظم ‘نریندر مودی نے جمعہ کو زور دے کر کہا کہ خواتین کے ریزرویشن بل کوئی عام قانون سازی نہیں ہے، بلکہ ایک نئے ہندوستان کے نئے جمہوری عزم کا اعلان ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مہیلا مورچہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں خواتین کے ریزرویشن بل کی منظوری کیلئے انہیں مبارکباد دینے کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اکثریت کے ساتھ ایک مضبوط حکومت ہونے کا دعویٰ بھی کیا، اور کہا کہ اس نے طویل عرصے تک زیر التواء خیال کو ممکن بنایا۔
لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کے بارے میں تقریباً تین دہائیوں سے بات کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی کوششوں میں عزم کا فقدان تھا اور یہاں تک کہ خواتین کی توہین کی جاتی تھی۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ان کی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کیا، جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایک طاقت کے طور پر ابھری ہیں، مودی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ سیاسی جماعتیں جو پارلیمنٹ میں خواتین کے ریزرویشن بل کی کاپیاں پھاڑتی تھیں‘جیسا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی)‘ انہیں اس کی حمایت کرنی پڑی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہر پارٹی کو اس کی حمایت کرنی تھی۔
مودی نے کہا کہ یہ بی جے پی کی خوش قسمتی ہے کہ اس کی حکومت کو بل پاس کرنے کا موقع ملا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ فیصلے ملک کی تقدیر بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔انہوں نے مجوزہ قانون کو ایک ایسا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا جو خواتین میں نیا اعتماد پیدا کرے گا اور آگے بڑھنے کے لیے ہندوستان کی طاقت کو بڑھا دے گا۔
آئینی ترمیمی بل جلد ہی صدر کی منظوری اور اس کے بعد کے نوٹیفکیشن کے بعد قانون بن جائے گا۔
۲۰؍اور۲۱ستمبر کو ایک نئی تاریخ رقم کی گئی، مودی نے ان دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا، جن دنوں بل کو پہلے لوک سبھا اور پھر راجیہ سبھا نے پاس کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی تھی کہ لوگوں نے اس حکومت کو ایسا کرنے کا موقع دیا۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ یہ اس لیے ممکن ہوا کہ لوگوں نے ایک مضبوط، مستحکم اور فیصلہ کن حکومت کو منتخب کیا جس کے پاس مکمل اکثریت ہو۔
بی جے پی ہیڈکوارٹر میں موجود خواتین کی بڑی تعداد کی طرف سے زبردست نعروں کے درمیان انہوں نے کہا کہ یہ’مودی کی ضمانت‘ کو پورا کرنے کا ثبوت ہے کہ وہ خواتین کی قیادت میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔
اپنی حکومت کی کئی اسکیموں اور خواتین کی بہبود کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے، مودی نے کہا کہ اس نے ان کی سلامتی، عزت اور خوشحالی کے پروگراموں سے ان کی بیڑیاں اتارنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ (ایجنسیاں)