گاندربل//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج گاندربل میں ضلع میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
سنہا نے قمریہ سٹیڈیم میں ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ضلع اِنتظامیہ ، عوامی نمائندوں اور گاندربل کے عوام کو مُبار ک باد دی۔
سنہا نے کہا کہ جموںکشمیر بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک نئے اِنقلاب کا مشاہدہ کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے زیر اِلتوأ کئی منصوبے آج مکمل کر کے عوام کے نام وقف کئے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ گزشتہ چار برسوں میں تیز رفتار ترقی اور جدید بنیادی ڈھانچے میں بے مثال سرمایہ کاری جموںکشمیر کی اِقتصادی ترقی کی راہ کو تشکیل دے کر لوگوں کی اُمنگوں کو تقویت دے رہی ہے ۔‘‘
ایل جی نے کہا کہ ۲۰۱۹ ء سے پہلے تاخیر ایک معمول تھا ۔اَب منصوبوں کی جلد تکمیل اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پورے جموں وکشمیر یوٹی میں ایسے۱۵۰۰ پروجیکٹ مکمل کئے ہیں جو۵سے۲۰برس سے زیر اِلتوأ تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں کیلئے زندگی میں آسانی کو یقینی بنانے کیلئے کئی دہائیوں کے ترقیاتی خِلا کو دُور کرنے کیلئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایل جی نے کہا کہ گاندربل کو ایک علیحدہ ضلع بننے کے بعد کافی عرصے تک نظر اَنداز کیا گیا تھا۔جب ملک ترقی کی طرف گامزن تھا تو یہاں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بیہامہ میں بس ٹرمنل کمپلیکس جیسے پروجیکٹوں کا آج اِفتتاح کیا گیا ہے جو ایک دہائی پہلے ہی مکمل ہوجانا چاہئے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے ترقیاتی اَمور پر توجہ مرکوز کرنے اور بڑے پیمانے پر اِقتصادی سرگرمیوں کو خصوصی فروغ دینے کیلئے متعدد فعال اَقداما ت کئے ہیںاور مختلف شعبوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔
سنہا نے کہا کہ ہم سیاحتی شعبے میں گاندربل کی ترقی کی صلاحیت سے فائدہ اُٹھانے کیلئے بھی اہم کوششیں کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سونہ مرگ اَب عالمی سیاحتی نقشے پر ہے اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد نے مقامی معیشت کو فروغ دیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع اِنتظامیہ گاندربل اور عوامی نمائندوں کو مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کرنے پر مُبارک باد دی۔سنہا نے مقامی اِنتظامیہ کوروزگار کے شعبے میںکی جانے والی کاوشوں اور مرد و خواتین میں خواندگی کے تفاوت کو کم کرنے کے لئے بھی سراہا۔
ایل جی نے کہا کہ خواتین کی خواندگی میں اِضافہ جموںکشمیر یوٹی جموںوکشمیر کی سماجی و اِقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی اَنٹرپرینیور شپ اور سیلف ہیلپ گروپوں میں ترقی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔
سنہا نے گورنمنٹ ڈگری کالج میں وینچر انکیوبیشن اینڈ کالج ایپلی کیشن لانچ پیڈ سینٹر ( وِی آئی کے اے ایل پی ) کو ضلع کے نوجوانوں کیلئے وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز ممکنہ کاروباری اَفراد کو آئیڈ یا انکیوبیشن ، کاروبارکی ترقی اور اِختراع کیلئے ایک ساز گار ماحول فراہم کرے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے معاشرے پر سودمنداَثرات مرتب ہوں گے ۔اُنہوں نے گاندربل کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اُن عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں جو امن اور ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج ترقی صرف چند ایک تک محدود نہیں ہے ۔ بھرتیاں صرف میرٹ اور شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی بھرتی کا عمل شروع کر رہے ہیں اور آنے والے چھ ماہ میں خالی اَسامیوں کو پُرکیاجائے گا ۔
سنہا نے ضلعی اَفسروں اور عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ پی ایم وشوکرما اور آیوشمان بھوا جیسی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے سماج کے ہر طبقے بالخصوص نوجوانوں سے گاندھی جینتی کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء اور شہریوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے پر مُبارک باد دی ۔ اُنہوں نے وہاں موجود مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے مطالبات اور مسائل سُنے ۔
اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے ڈگری کالج گاندر بل میں 12 کلاس روم اضافی رہائش ، ملٹی پرپز ہال ، جم کم ہیلتھ سینٹر اور وی آئی کے اے ایل پی۔ وینچر انکیوبیشن اینڈ نالج ایپلیکیشن لانچ پیڈ سمیت مختلف پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا ۔ اُنہوں نے جی ڈی سی گاندر بل میں لڑکیوں کیلئے ۵۰ بستروں والے ہوسٹل کا سنگِ بنیاد رکھا اور وی آئی کے اے ایل پی انکیوبیشن پالیسی پر ایک کتابچہ جاری کیا ۔
ایل جی نے آج جن مختلف پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیاجن میں بیہامہ گاندر بل میں بس ٹرمنل کمپلیکس ، کیفے ٹیریا ایم سی گاندر بل ، بیہامہ میں سندھ ویو پوائنٹ اور امرت سروور بیوٹیفکیشن شامل ہیں ۔ اُنہوں نے کلاک ٹاور گاندربل کے آس پاس کے علاقے کی بیوٹیفکیشن کا م کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
سنہا کے ذریعہ۵۰ء۱۳کروڑ روپے کے جل شکتی محکمہ کے پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا گیا جن میں ایم جی ڈی ڈبلیو ٹی پی گاندر بل ٹاؤن ، گاندر بل ٹاؤن ( مرحلہ دوم ) ، کورگ دراگ پورہ ، گوگچی گنڈ ملک پورہ اور اگ مامر کیلئے پانی کی فراہمی کی سکیمیں شامل ہیں ۔