سرینگر///
اننت ناگ میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے کرنل من پریت سنگھ کی آخری رسومات جمعہ کو پنجاب کے ملاں پور میں ادا کی گئیں ۔
کرنل من پریت نے اپنے پیچھے دو سالہ بیٹی اور سات سالہ بیٹا چھوڑا ہے۔ حالات کی سنگینی کو ممکنہ طور پر سمجھنے کے لیے بہت کم عمر ہونے کے باوجود، ان کے بچوں نے کرنل من پریت کی قوم کے لیے عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ جب اس کے بیٹے کبیر نے فوجی وردی میں ملبوس ہو کر اپنے والد کو آخری بار سلامی پیش کی۔
بھارتی فوج کی۱۹راشٹریہ رائفلز یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دینے والے کرنل من پریت، میجر آشیش دھونچک اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ کے ساتھ کوکر ناگ کے گڈول میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
قومی پرچم میں لپٹی کرنل من پریت کی جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں ملاں پور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد آتش کیا گیا۔
سابق آرمی چیف جنرل (ر) وی پی ملک بھی ان ہزاروں سوگواروں میں شامل تھے، جو اس تیسری نسل کے بھارتی فوج کے جوان کو آخری الوداع کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔