جموں//
فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ‘اوپندرا دیویدی نے کہا کہ فوج نے پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے اور دہشت گرد جموں و کشمیر کے امن میں رخنہ ڈالنے کے لئے نیپال اور پنجاب کے راستوں سے داخل ہو رہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار شمالی کمان کے کمانڈر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
دیویدی نے کہاکہ فوج نے حالیہ ایام میں دراندازی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے صرف پونچھ اور راجوری میں ایل او سی پر متعد د غیر ملکی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
شمالی کمان کے سربراہ نے مزید بتایا کہ دہشت گرد اب نیپال اور پنجاب کے راستوں سے جموں وکشمیر میں داخل ہو رہے ہیں تاکہ یونین ٹریٹری میں پر امن حالات میں رخنہ ڈالا جاسکے ۔
راجوری تصادم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ناردرن کمانڈر نے کہاکہ آپریشن کے دوران ایک فوجی جوان اور کھوجی کتا از جان ہوا ہے ۔
دیویدی نے کہاکہ راجوری میں ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن ہنوز جاری ہے ۔ گزشتہ سال۸۸ء۱کروڑ سیاح وارد جموں وکشمیر ہوئے تاہم امسال۲۵ء۲کروڑ سیاحوں کی آمد کا امکان ہے ۔
شمالی کمان کے سربراہ کے مطابق کشمیر کے پر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی خاطر پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کو اس طرف بھیجا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایل او سی پر تعینات افواج چوبیس گھنٹے متحرک ہے اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دیویدی نے اس موقع پر پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقوں میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
شمالی کمان کے سر براہ نے کہاکہ گر چہ ہمسایہ ملک کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں کہ دہشت گردوں کو اس طرف دھکیلا جا سکے تاہم ایل او سی پر تعینات افواج پاکستان کے منصوبوں کو مسلسل ناکام بنا رہے ہیں۔