سرینگر//
ایپل فارمرز فیڈریشن آف انڈیا کے جموں وکشمیر چیپٹر کے ایک وفد نے بدھ کے روز جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا سے ملاقات کی اور ان کو کئی گذارشات و مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم پیش کیا۔
فیڈریشن کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے آج لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرکے ان کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔
عہدیدار نے کہا’’ہم نے میمورنڈم میں جو باتیں کی ہیں ان میں یہ ہے کہ خراب موسمی حالات سے میوہ کو اس سال کافی نقصان ہوا اور پیدا وار کا بڑا حصہ سی گریڈ زمرے میں آتا ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہماری درخواست ہے کہ جس طرح ہماچل پردیش میں سرکار اس سی گریڈ مال کو خریدتی ہے اسی طرح یہاں بھی ہونا چاہئے۔یہاں کئی پروسسنگ یونٹس بند پڑے ہیں ان کو چالو کیا جانا چاہئے تاکہ کاشتکاروں کو فائدہ مل سکے ‘‘۔
عہدیدار کا مد کہنا تھا’’یہاں مال کو ملک کی منڈیوں تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کرایہ کو منظم کرنے کی ضرورت ہے جس طرح ہماچل پردیش میں سیزن کے مطابق کرایہ طے جاتا ہے اور گروورس، ٹرانسپورٹرس اور انتظامیہ آپس میں مل بیٹھ کر کرایہ مقرر کرتے ہیں اسی طرح کا نظام یہاں بھی بنایا جانا چاہئے‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’ہمارا ایک اور مسئلہ کولڈ سٹوریجز کا ہے ، یہاں کے جو کولڈ سٹوریجز ہیں ان کی سہولیت کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارا مال ملک کی منڈیوں میں اچھی طرح سے سال بھر پہنچ سکے ‘‘۔
عہدیدار نے کہا کہ ہماری یہ بھی درخواست ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر صاحب مرکزی حکومت کی طرف سے امپورٹ ڈیوٹی کی تخفیف کے فیصلے کو واپس لینے کی سفارش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر صاحب نے ہماری باتوں کو غور سے سنا اور ان کو متعلقین کے ساتھ اٹھانے کا وعدہ بھی کیا۔