نئی دہلی//
جنرل منوج پانڈے نے ہفتہ کو نئے آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا۔
جنرل پانڈے جو اب تک وائس چیف آف آرمی اسٹاف کی ذمہ داری نبھا رہے تھے ، نے آج ریٹائر ہونے والے جنرل منوج مکند نروانے سے عہدہ سنبھالا۔ وہ۲۹ویں آرمی چیف ہیں۔ وہ کور آف انجینئرز کے پہلے افسر ہیں جو آرمی چیف بنے ہیں۔
اس سے قبل ایسٹرن ملٹری کمانڈ کے سربراہ کے طور پر وہ چین، میانمار اور بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد کو سنبھال رہے تھے ۔
جنرل پانڈے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں اور انہیں ۱۹۸۲میں انجینئر کور میں کمیشن ملا تھا۔ انہوں نے آپریشن پراکرم کے دوران جموں و کشمیر کے پلن والا سیکٹر میں ۱۱۷انجینئر رجمنٹ کی کمانڈ کی تھی۔
جنرل پانڈے نے ایک ایسے وقت میں فوج کا چارج سنبھالا جب ہندوستان کو چین اور پاکستان کے ساتھ سرحدوں سمیت متعدد سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔