سرینگر//(ویب ڈیسک)
حرمین شریفین میں۲۹ ویں شب کو ختم القرآن کا ایک بڑا اجتماع ہوا جس میں ۳۰ لاکھ افراد نے شرکت کی۔
ختم القرآن کی دعا میں حرمین شریفین کے آئمہ نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی، اسلام اور مسلمانوں کو آزمائش سے نکالنے، دنیا بھر کے انسانوں کو درپیش عالمی آفات و مصائب سے نجات دلانے، مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنے اور انہیں تفرقہ و انتشار سے نکالنے کیلئے دعائیں کی۔
بعد ازاں حرمین شریفین کے سوشل میڈیا پیج پر ۲۹ شب کے روز ختم القرآن کے اجتماع اور ختم دعا کے روح پرور مناظر شیئر کیے گئے ہیں جس کے مطابق ۳۰ لاکھ افراد نے اجتماع میں شرکت کی۔ان تصاویر میں حرمین شریفین کے اندر باہر اور اطراف کے دل چھولینے والے مناظر کو دیکھا جاسکتا ہے۔
اس دوران سعودی عرب میں المسجد الحرام مکہ مکرمہ میں تیسری سعودی توسیع والی عمارت سے رمضان کے دوران ۱۹ ملین افراد نے فائدہ اٹھایا ہے۔ زائرین اور نمازیوں نے تیسری توسیع والی عمارت میں نماز ادا کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق شمالی توسیع والے ادارے کے انچارج انجینئر ولید المسعودی نے بتایا کہ رمضان کے دوران تیسری سعودی توسیع والی عمارت میں تراویح، تہجد اور پانچوں فرض نمازوں کی ادائیگی کے انتظامات کیے گئے۔ تمام اداروں نے تعاون کیا۔ ایک کروڑ۸۹ لاکھ ۱۱ ہزار ۲۷۸؍ افراد نے وہاں نماز ادا کی۔
تیسری سعودی توسیع والی عمارت کی زمینی منزل، پہلی منزل، تہہ خانے اور دوسری منزل اور شمالی و مغربی صحنوں میں نماز کے انتظامات کیے گئے۔
انجینئر ولید المسعودی نے بتایا کہ تیسری توسیع والی عمارت میں فی گھنٹہ پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کی گنجائش ہے۔ ان میں سے ڈھائی لاکھ عمارت کے اندراورڈھائی لاکھ سے زیادہ صحنوں میں نماز ادا کررہے ہیں۔