سرینگر//
جموںکشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس(ڈی جی پی)‘دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری ’دہشت گردی سے پاک‘خطہ بن رہا ہے اور اب اور اب منشیات کی بیخ کنی ہمارا اگلا چیلنج ہوگا۔
سنگھ نے کہا’’جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی تعداد بہت کم ہے اور دہشت گردی کے باقیات کو ختم کرنے کا کام بھی ہو رہا ہے ‘‘۔
ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ جس طرح یونین ٹریٹری ’دہشت گردی سے پاک‘خطہ بن رہا ہے اسی طرح اس کو منشیات سے پاک خطہ بھی بنایا جائے گا۔
پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں ڈی پی ایل پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
سنگھ نے کہا’’ہمیں فخر ہے کہ یونین ٹریٹری دہشت گردی سے پاک خطہ بن رہا ہے دہشت گردوں کی تعداد بہت کم ہے اور دہشت گردی کے باقیات جو ختم کرنے کے لئے بھی کام ہو رہا ہے ‘‘۔
ڈی جی پی کا کہنا تھا’’اب ہمارا اگلا چیلنج منشیات کی وبا کا خاتمہ ہے اور جس طرح یوٹی کو دہشت گردی سے پاک خطہ بنایا جا رہا ہے اسی طرح اس کو منشیات سے پاک بھی بنا یا جائے گا‘‘۔
سنگھ نے کہا کہ سوپور ایک زمانے میں ملی ٹنسی کا مرکز تھا لیکن آج یہاں ہر طرف تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔
بارہمولہ میں سکھ برادری سے وابستہ ایک عمر رسیدہ شخص کی لاش بر آمد ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات عمومی نوعیت کے ہیں۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کو کرائم برانچ کے سپرد کیا گیا ہے ۔
پنچایتی انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہا کہ اس ضمن میں تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ان انتخابات کے پر امن اور ہموار انعقاد کو یقینی بنائے گی۔