سرینگر//
جموں کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے چنار باغ علاقے میں کمسن لڑکے کی چھاتی میں چھرا گھونپ کر اس کا قتل کیا گیا ۔
پولیس نے کارروائی عمل میں لا کر ملزم (کمسن) کو گرفتار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرینگر کے چنار باغ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک کمسن کی چھاتی میں چھرا گھونپ کر اس کا قتل کیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ دو کمسن لڑکوں کے درمیان چنار باغ پارک میں کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس نے جھگڑے کا رخ اختیار کیا اسی اثنا میں۱۵سالہ لڑکے کی چھاتی میں چھرا گھونپا گیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی لڑکے کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمسن لڑکے پر وار کرنے کے بعد ملزم وہاں سے بھاگ گیا ۔
جوں ہی کھنہ کھن ڈلگیٹ میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالب علم کو قتل کرنے کی خبر پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ چنار پارک غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی بار ضلعی انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہی فراہم کی کہ چنار باغ میں قمار بازی، شراب نوشی اور دوسرے غیر قانونی کام ہو رہے ہیں لیکن اس کی اور کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ اس پارک میں ہر روز لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں لہذا اس کی اور انتظامیہ کو توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔
دریں اثنا پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ چنار باغ میں ایک پندرہ سالہ لڑکے پر چاقو سے حملہ کرکے اس کو قتل کرنے کے الزام میں ایک کمسن کو پکڑاگیا۔
پولیس نے کہاکہ ملزم کے انکشاف پر جرم انجام دینے کیلئے استعمال کیا جانے والا ہتھیار بھی براآمد کیا گیا جس کو ملزم نے دلدل علاقے میں پھینکا تھا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ میں کیس درج کیا گیا۔