سوائی مادھوپور//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے لیڈروں پر کنبہ پروری کو بچانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی مدد کر رہے ہیں۔ مودی اسی لیے اسے ہٹانا چاہتے ہیں کیونکہ مودی کے دور میں کنبہ پروری نہیں ہو سکتی۔
مسٹر نڈا ہفتہ کو راجستھان کے سوائی مادھوپور میں ریاستی بی جے پی کی تبدیلی سنکلپ یاترا کے آغاز کے موقع پر منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا، ”کل یہ لوگ ممبئی میں جمع ہوئے اور مودی کو ہٹانے کی بات کر رہے تھے ۔ ہم کہتے تھے مودی کو آگے لے جاؤ اور ملک کو آگے لے جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مودی کو ہٹانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ خاندان کو بچانا چاہتے ہیں، مودی کے دور میں کنبہ پروری نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کو راہل گاندھی کی فکر ہے ملک کی نہیں۔ مسٹر لالو پرساد یادو کو اپنے تیج پرتاپ اور تیجسوی کی فکر ہے ، انہوں نے چارہ گھپلہ کیا، اب وہ ضمانت پر ہیں، انہیں ملک کی فکر نہیں، انہیں اپنے بیٹوں کی فکر ہے ۔ اسی طرح ممتا بنرجی کو ملک کی فکر نہیں ہے ، وہ اپنے بھتیجے کی فکر میں ہیں، شرد پوار کو سپریا کی فکر ہے ، اسی طرح اس اتحاد کے کچھ اور لیڈر بھی اپنے گھر والوں کو بچانے کے لیے نکلے ہیں۔ انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب خاندانی ہیں اور خاندان کو بچانے نکلے ہیں، مودی ملک کو آگے لے جانے والے ہیں، یہ سمجھنا ہوگا۔