ناگپور//مہاراشٹر کے ناگپور میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی شہری کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک سینئر پولیس افسر نے ہفتہ کو یو این آئی کو بتایا کہ گرفتار شخص شروع میں بدھ بھکشو تھا اور پھر جم ٹرینر بنا اور وہ دوسرے بنگلہ دیشی شہریوں کو دھوکہ دہی سے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے میں مدد کرنے کے لیے ایک ریکیٹ بھی چلا رہا تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ گرفتار شخص کو، جس کی شناخت پلاش بپن برووا (40) کے طور پر ہوئی ہے ، انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے جمعہ کو گرفتار کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ برووا بدھ بھکشو کے بھیس میں غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوا اور بعد میں ناگپور میں جم ٹرینر بن گیا۔ وہ ناگپور کے ٹیکا میں پیولی ندی کے علاقے میں رہ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ برووا کی غیر قانونی سرگرمیاں اس وقت منظر عام پر آئیں جب دو بنگلہ دیشی شہری، میتری برووا اور اینکون برووا کو حیدرآباد کے نزدیک شمش آباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہندوستانی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے ممالک میں جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ان کے پاسپورٹ برووا کی طرف سے فراہم کردہ جعلی شناختی دستاویزات کی بنیاد پر دھوکہ دہی سے بنائے گئے تھے ۔
اس کے بعد اے ٹی ایس ناگپور نے برووا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی اور ایک ماہ تک خفیہ آپریشن جاری رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برووا کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے ۔