سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے صدر کوٹ علاقے کا سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان۶دنوں تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جمعہ کی صبح یہاں ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے اجس سدنارا علاقے میں۲۶؍اگست کو موٹر سائیکل سوار دو نوجوان ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ ان میں سے مبشر احمد راتھر ولد غلام رسول راتھر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں جمعہ کی صبح دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرچہ ڈاکٹروں نے مذکورہ نوجوان کی جان بچانے کی تمام تر کوششیں کیں لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
دریں اثنا نوجوان کی موت واقع ہونے کی خبر پھیلتے ہی صدر کوٹ گائوں میں ماتم کا ماحول چھا گیا اور لوگوں بالخصوص متوفی کے احباب و اقارب کو زار و قطار روتے ہوئے دیکھا گیا۔