نئی دہلی//
سپریم کورٹ نے جمعہ کو نیشنل کانفرنس کی ایک درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا جس میں۱۰ستمبر کو ہونے والے لداخ ہل کونسل انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کو ’ہل‘ کے نشان سے انکار کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس احسن الدین امان اللہ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ فیصلہ۶ ستمبر کو سنایا جائے گا۔
اس سے قبل، بنچ نے اس سلسلے میں ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ہل کونسل کے انتخابات کیلئے پارٹی کو ’ہل‘ انتخابی نشان نہ دینے کے لداخ یونین ٹیریٹری انتظامیہ کے عمل کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیا تھا۔
اس سے پہلے ہائی کورٹ نے لداخ یو ٹی انتظامیہ کی اس درخواست کو مسترد کردیا تھا کہ نیشنل کانفرنس کو ہل ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں ’ہل‘ کا نشان استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔ (ایجنسیاں)