رانچی//
جھارکھنڈ کے ریاستی بی جے پی کے سابق صدر اور راجیہ سبھا ممبر دیپک پرکاش نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کو ایک خط لکھ کر جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں ریل نیر پلانٹ لگانے کی اپیل کی ہے ۔
مسٹرپرکاش نے آج اپنے خط کے ذریعے مرکزی وزیر ریلوے سے جنوب مشرقی ریلوے کے تحت رانچی ڈویژن میں ریل نیر پلانٹ لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اس وقت پوری ریاست جھارکھنڈ میں ریل نیر (پیکجڈ پینے کا پانی) کی سپلائی دانا پور بہار سے ہوتی ہے ۔ لیکن کھپت کے مطابق مسافروں کو ریل نیر کی فراہمی نہیں ہوپاتی۔ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر اکثر پانی کی لوکل بوتلوں کا استعمال ہوتا ہے ، جس کی وجہ سے مسافروں کو پینے کا معیاری پانی نہیں مل پاتا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
انہوں نے لکھا ہے کہ انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن کو ریل مسافروں کے ساتھ ساتھ ریلوے احاطے میں آنے والوں اور ٹرینوں میں خدمات اور مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا ہے ۔
مسٹر پرکاش نے اپنے خط میں اس ریاست کے لوگوں کو معیاری پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی امید ظاہر کی اور رانچی میں جلد از جلد ریل نیر پلانٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔