بنگلورو، 2//کرناٹک کے انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر اور کانگریس لیڈر پریانک کھڑگے نے ہفتہ کو ریاستی بی جے پی کے ان لیڈروں پر ہمدردی کا اظہارکیا جنہیں ایچ ایل ہوائی اڈے کے باہر وزیر اعظم نریندر مودی کے استقبال کے لیے بیریکیڈز کے پیچھے کھڑا ہونے کے لئے کہا گیاتھا۔
مسٹر کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ سڑک پر کھڑے بی جے پی لیڈروں نے اپنی توہین محسوس کی، لیکن یہ ووٹروں، کنڑ لوگوں اور پارٹی کارکنوں کی توہین ہے ۔
مسٹر کھڑگے نے کنڑ میں کہا، ”گرچہ وہ سیاسی اور نظریاتی طور پر مخالف ہیں، مجھے کرناٹک کے بی جے پی لیڈران پر ترس آتا ہے ۔ یہ افسوسناک ہے کہ وزیر اعظم کے سامنے ، بی جے پی لیڈران بیریکیڈ کے پیچھے بند قیدیوں کی طرح ان کی توجہ مبذول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے اپنی عزت نفس اور خود اعتمادی کھودی ہے ۔
مسٹر مودی مشن چندریان-3 کی کامیاب لینڈنگ کے لیے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دینے کے لیے یونان سے سیدھے آج بنگلورو واپس آئے تھے ۔
مسٹر کھڑگے نے مزید کہا، ”کیا قائد حزب اختلاف کا انتخاب کرنا ممکن ہے جب ہائی کمان نے ان کی اتنی حقارت کی ہو؟ اب بی جے پی خود اپنی آمریت کا شکار ہے ۔ ایسا نہیں ہے کہ بی جے پی لیڈروں نے سڑک پر کھڑے ہو کر خود کی توہین کی ہے ۔ یہ ووٹروں کی بھی توہین ہے ، کنڑ کے باشندوں کی توہین اور کارکنوں کی توہین ہے ۔’’