پٹنہ//آج ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جن ادھیکار پارٹی کے صدر راجیش رنجن عرف پپو یادو کے ذریعہ بہار ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر اکھلیش پرساد سنگھ کے خلاف نازیبا زالفاظ کے استعمال اور گھٹیا تبصرے کے خلاف منعقد اس پریس کانفرنس کو سابق کارگزار صدر اور قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر سمیر کمار سنگھ، قانون ساز کونسل کے سابق رکن شری لال بابو لال اور سینئر کانگریس لیڈر کپل دیو پرساد یادو نے مشترکہ طور پر خطاب کیا۔
پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈران نے پپو یادو کے ذریعے بے بنیاد بیان بازی کی سخت مذمت کی اور فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کے اس جوابی حملے کی قیادت کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیر سنگھ نے کہا کہ ہم سابق ایم پی راجیش رنجن عرف پپو یادو کی طرف سے کی گئی بے لگام بکواس کی سخت مذمت کرتے ہیں اور پپو یادو سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پپو یادو نے اپنی گھٹیا زبان سے اور سستی بیان بازی سے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ سیاسی آدمی تھے ہی نہیں، وہ نہ پہلے سیاستدان تھے ، نہ آج ہیں اور نہ کبھی ہوں گے ۔ پپو یادو بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ بہار کے لوگ انہیں کس روپ میں جانتے ہیں۔ بہار کے لوگ پپو یادو کو ایک موقع پرست اوردھمکی دینے والے شخص کے طور پر جانتے ہیں۔ جمہوری نظام میں کسی کو بھی حاصل سیاسی پارٹی بنانے کے حق کا فائدہ اٹھاکر پپو یادو نے اپنی سیاسی شبیہ بنانے کے لیے جن ادھیکار پارٹی بنا رکھی ہے جبکہ اس پارٹی کے بینر کا غلط استعمال سرکاری افسران، ٹھیکیداروں اور تاجروں سے چندہ وصولی کے لیے کیا جاتا ہے ۔
ڈاکٹر سمیر سنگھ نے الزام لگایا کہ برسوں تک آر جے ڈی اور جے ڈی (یو) کی قیادت کو کوسنے کے بعد اب وہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس سمیت آر جے ڈی اور جے ڈی (یو) لیڈروں کی جی حضوری کرتے پھر رہے ہیں۔ پپو یادو ایک موقع پرست شخص ہیں۔ وہ بی جے پی اور این ڈی اے کے اکسانے پر سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لیے فرقہ پرست طاقتوں کے ہاتھ کا کھلونا ہیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر کپل دیو پرساد یادو نے کہا کہ پپو یادو کے رویے سے کانگریس کارکنان ناراض ہیں اور اگر پپو یادو نے ہمارے صدر اکھلیش پرساد سنگھ سے معافی نہیں مانگی تو ا [؟]ن کے کچے چٹھے کھول کر بہار کے لوگوں کو ان کے کرتوت کی کہانی بتائی جائے گی۔
اس موقع پر سابق ایم ایل سی لال بابو لال نے کہا کہ یہ پپو یادو کا پبلسٹی اسٹنٹ ہے ۔ بڑے لوگوں کے بارے میں اوچھی باتیں کر کے خبر بننے کی بے تکی کوشش ہے ۔