سرینگر/۱۹اگست
شیر کشمیر اسٹیدیم میں 31 سب ایریا اور چنار کور کے زیر اہتمام ہفتے کے روز کشمیر وومنز کرکٹ لیگ شروع ہوئی۔اس کرکٹ ٹرنامنٹ میں کشمیر کے جملہ اضلاع سے تعلق رکھنے والی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے حاشیہ پر صوبائی کمشنر کشمیر ‘وجے کمار بدھوری نے میڈیا کے بات کرنے کے دوران کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ نہ صرف لڑکے بلکہ بچیاں بھی آگے آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس پر’ مجھے بہت ہی خوشی محسوس ہو رہی ہے‘ ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال اب تک 60 ہزار لوگوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ہے ۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ نوجوانوں کو کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں جیسے ہاکی، فٹ بال وغیرہ میں بھی حصہ لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت کے لئے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے زندگی میں بھی ایک نظم پیدا ہوجاتا ہے ۔
سکینہ نامی ایک کوچ نے کہا کہ باقی جگہوں پر بھی کھیل سرگرمیاں ہو رہی ہیں لیکن یہاں جو انفراسٹکچر موجود ہے وہ بین الاقوامی معیار کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کھلاڑیوں کے لئے مفت وردیاں اور مفت قیام و طعام کا انتظام ہے ۔
فلک نذیر نامی ایک کھلاڑی نے بتایا کہ میں پہلی بار اس نوعیت کے ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور جنہوں نے اس کا اہتمام کیا ہے ان کا شکریہ ادا کر رہی ہوں۔ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔