سرینگر//
ہندوستان اور چین میں۱۳؍اور۱۴؍اگست کو ہندوستان کی طرف چشول‘مولڈو بارڈر میٹنگ پوائنٹ پر کور کمانڈر سطح کی بات چیت کا۱۹ واں دور بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوا ۔
طرفین نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ بقیہ مسائل کو تیزی سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے، دونوں فریقوں کے دو روزہ فوجی مذاکرات کے ایک دن بعد منگل کو ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے’’دونوں فریقوں نے مغربی سیکٹر میں لائن آف ایکچول کنٹرول کے ساتھ باقی مسائل کے حل پر مثبت، تعمیری اور گہرائی سے بات چیت کی‘‘۔
ادھروزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، دونوں فریقین نے مغربی سیکٹر میں ایل اے سی کے ساتھ باقی ماندہ مسائل کے حل پر ’مثبت، تعمیری اور گہرائی سے بات چیت‘کی۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے ’’قیادت کی طرف سے فراہم کردہ رہنمائی کے مطابق، انہوں نے کھلے اور آگے بڑھنے والے انداز میں خیالات کا تبادلہ کیا‘‘۔
بیان کے مطابق طرفین نے بقیہ مسائل کو تیزی سے حل کرنے اور فوجی اور سفارتی ذرائع سے بات چیت اور مذاکرات کی رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ عبوری طور پر، دونوں فریقوں نے سرحدی علاقوں میں زمینی امن و سکون کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ہندوستان اور چینی فریقوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے ۱۹دوروں میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ وادی گالوان، پینگونگ تسو، گوگرااور ہاٹ اسپرنگس سے فوجی انخلاء کے باوجود، دونوں فریقوں کے پاس ۶۰ہزار سے زیادہ فوجی ہیں اور لداخ خطے میں جدید ہتھیارسمیت تعینات ہیں۔
دولت بیگ اولڈی سیکٹر میں ڈیپسنگ اور ڈیمچوک سیکٹر میں چارڈنگ نالہ جنکشن (سی این جے) کے مسائل ابھی بھی مذاکرات کی میز پر ہیں۔
۲۰۲۰ء میں وادی گلوان میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔