سرینگر/۱۲اگست
نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے جب تک ہندوستان اور پاکستان کشمیر معاملے کے بارے میں ایمانداری سے بات نہیں کریں گے تب تک سب کچھ تما شا ہے ۔
ڈاکٹر فاروق نے کہا”آپ دیکھ رہے ہیں دہشت گردی جاری ہے ‘ گولیاں ماری جا رہی ہیں ‘لوگ مر رہے ہیں اگر امن قائم ہوجائے تو یہ سب کیوں ہوگا“۔ان کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت میں مضمر ہے ۔
این سی رکن پارلیمان نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
ترنگا ریلیاں نکالنے کے بارے میں پوچھے جانے انہوں نے کہا”دونوں ملکوں کے دل صاف ہونے چاہئے دکھاوا اب بہت ہوا جب تک دونوں ملک کشمیر کے معاملے پر ایمانداری سے بات چیت نہیں کریں گے تب تک یہ سب تما شا ہے “۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا”ہندوستان اور پاکستان کو دماغ میں رکھنا چاہئے کہ مسائل بات چیت سے حل ہوں گے دونوں کو اپنے دل صاف کرنے چاہئے کہیں نہ کہیں راستہ نکالنے کی ضرورت ہے “۔
کشمیر میں امن قائم ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا”اگر یہاں امن ہے تو یہ کیوں ہو رہا ہے آپ دیکھتے ہیں کہ دہشت گردی جاری ہے ، گولیاں ماری جا رہی ہیں لوگ مر رہے ہیں“۔
داکٹر فارو ق نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہئے کہ یوکرین میں جنگ سے کیا ہوا۔ان کا کہنا تھا”یورپ معاشی طور تباہ ہو رہا ہے کون مر رہا ہے ، یوکرین کے لوگ مر رہے ہیں اس سے کیا فائدہ ہوگا اس سے سرحد بدلیں گے کیا“۔
این سی صدر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو بھی یہ بات دماغ میں رکھنی چاہئے کہ جنگ سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے بلکہ بات چیت سے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ۔
سرحدی ٹورزم کے فروغ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سرحدیں کھول دی جائیں تاکہ ہم بھی کشمیر کے اس حصے کو دیکھ سکیں جو پاکستان کے قبضے میں ہے ۔