جموں/۶اگست
جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے کھواس علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین رات بھر شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ انڈین ائر فورس ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیرا کمانڈوز کو علاقے میں اتار ا گیا جبکہ سراخ رساں کتوں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
بتادیں کہ ہفتے کے روز ابتدائی فائرنگ میں ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا تاہم اس کی لاش ابھی تک باز یاب نہیں کی جاسکی ہے ۔اطلاعات کے مطابق راجوری کے کھواس علاقے میں اتوار دوسرے روز بھی جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو راجوری کے کھواس علاقے میں جنگجووں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مار ا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ رات بھر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری رہا ۔ انہوں نے کہا کہ گر چہ ملی ٹینٹوں نے رات بھر فرار ہونے کی بھر پور کوشش کی تاہم سلامتی عملے نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا۔
جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل برتوال نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے رات بھر فرار ہونے کی کئی مرتبہ کوششیں کیں تاہم سیکورٹی فورسز نے اس پورے علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے جس وجہ سے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع نہیں ملا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج ، پولیس اور پیرا کمانڈوز کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے ۔
لیفٹیننٹ کرنل برتوال نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے کی جوابی کارروائی میں ایک ملی ٹینٹ مار ا گیا ہے ۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے جس وجہ سے جاں بحق ملی ٹینٹ کی لاش ابھی برآمد نہیں کی جا سکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انڈین ائر فورس ہیلی کاپٹر کی مدد سے پیرا کمانڈوز کو جنگلی علاقے میں اتار گیا ہے جبکہ رات بھر سراخ رساں کتوں اور ڈرون کیمروں کی مدد سے ملی ٹینٹوں پر نظر گزر رکھی گئی۔
دریں اثنا پولیس نے مقامی لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ تصادم کی جگہ جانے سے گریز کریں۔
پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جب تک علاقے کو پوری طرح سے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک لوگ جنگلی علاقے کی اور جانے سے گریز کریں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔