سرینگر/۶اگست
پولیس کے مطابق فوج اور پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر در اندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو مار گرایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کرکے کہا”فوج اور کپوارہ پولیس نے ٹنگڈار سیکٹر کے امروہی علاقے میں ایل او سی پر ایک مشترکہ آپریشن کے دوران در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناکر ایک جنگجو کو مار گرایا“۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ جاں بحق جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
اس دوران ٹنگڈار سیکٹر میں فوج نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں گرفتار کیا ہے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز ٹنگڈار سیکٹر میں فوج نے ایل او سی پار کرنے کے دوران ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لائی ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی وہ کس طرح سے سرحد عبور کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوا۔