جموں//
سرکاری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ہفتے کے روز بھی امر ناتھ یاترا معمول کے مطابق جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں حقیقت سے بعید ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کی شام کو جموں کے میڈیا ہاوسز نے ضلعی ترقیاتی کمشنر جموں کے حوالے سے لکھا کہ ہفتے کے روزیاترا معطل رہے گی تاہم سرکاری ترجمان نے اس کو من گھڑت اور حقیقت سے بعید قرار دیا۔
سرکاری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ہفتے کے روز بھی معمول کے مطابق امر ناتھ یاترا جاری رہے گی اور اس حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی واسط نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ چند میڈیا ہاوسز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے چار سال مکمل ہونے کے پیش نظر ہفتے کے روز یاترا معطل رہے گی جو من گھڑت اور حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
ان کے مطابق یاترا حسب معمول ہفتے کے روز بھی جاری رہے گی۔
اس دوران عہدیداروں نے مزید کہا کہ آرٹیکل۳۷۰کی منسوخی کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر شہر میں سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔
اس دوران سرکاری ذرائع کاکہنا ہے کہ ۳۷۰کی منسوخی کے چار سال مکمل ہونے کے پیش نظر جموں میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سیاسی پارٹیوں کی جانب سے دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے چار سال مکمل ہونے پر احتجاج کرنے کے پیش نظر سری نگر میں بھی سیکورٹی گرڈ کو مضبوط کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیول لائنز علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ سیاسی پارٹیوں کے دفاتر کے اردگرد بھی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
پی ڈی پی نے پانچ اگست کو سری نگر میں سمینار کا پروگرام بنایا تھا اور اس حوالے سے ضلعی ترقیاتی کمشنر سے اجازت بھی مانگی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی پی کو اس کی اجازت نہیں دی ہے۔
پی ڈی پی کے ایک ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے سرینگر میں پانچ اگست کو سمینار ، گفت وشنید کرنے کی اجازت نہیں دی ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔