سرینگر///
شام ڈھلتے ہی ایک نوجوان روایتی چاندی کی کندہ کاری کا سماوار لے کر شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے بلوارڈ روڈ پر نمودار ہوجاتا ہے اور ابھی وہ بیٹھ ہی رہا ہوتا ہے کہ غیر مقامی سیاحوں کی بھیڑ اس کے گرد و پیش جمع ہوجاتی ہے ۔
یہ نوجوان سرینگر کے زونی مر علاقے سے تعلق رکھنے والا۲۷سالہ شیخ اشفاق ہے جو غیر مقامی سیاحوں کو سماوارمیں تیار کیا جانے والا کشمیری قہوہ بیچتا ہے ۔
قہوہ ایک خوشبو دار ہلکی چائے ہے جس کو خاص طور پر زعفران، بادام و دیگر چیزوں سے تیار کیا جاتا ہے اور یہ ہلکی چائے اپنے ذائقے کیلئے کافی مشہور ہے ۔
شیخ اشفاق جو پشمینہ شال کاریگر بھی ہے‘ نے اپنے اس سفر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے یو این آئی کو بتایا کہ کورونا وبا اور اس کے پیش نظر نافذ ہونے والے لاک ڈاؤنوں کی وجہ سے جب تمام کاروباری ادارے ٹھپ ہوگئے تو میں نے فورشور روڈ پر خشک میوے بیچنے کا کام شروع کیا لیکن میرا یہ کام نہیں چل سکا۔
اشفاق نے کہا کہ دوسری طرف پشمینے کا خام مواد مہنگا ہونے سے ان کی مزدوری بھی کم ہونے لگی جس سے ان کی مالی مشکلات مزید پیچیدہ ہوگئے ۔ان کا کہنا تھا’’ایک دن میں گھر میں بیٹھا تھا کہ مجھے یاد آیا کہ گوا کے ارم بول بیچ پر کشمیر کا رہنے والا ایک شخص روایتی سماوار میں سیاحوں کو قہوہ بیچتا ہے ‘‘۔
نوجوان نے کہا کہ اگلے دن میں اٹھا اور میں نے بلوارڈ روڈ کا چکر لگایا اور وہاں سیاحوں کو دیکھ کر فیصلہ کیا کہ میں یہیں بیٹھ کر سیاحوں کو قہوہ بیچوں گا۔
اور اب اشفاق ہر روز شام کے ساڈھے چھ بجے بلوارڈ روڈ کے گھاٹ نمبر۲پر کندکاری والے سماوار کے ساتھ نمو دار ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شام کے وقت جھیل ڈل کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے والے سیاح میرے پاس آتے ہیں اور قہوے کا پیالہ ہاتھ میں لے کر ڈل کی خوبصورتی اور قہوے کے ذائقے سے ایک ساتھ محظوظ ہوتے ہیں۔
اشفاق کا کہنا تھا’’ میں پچاس روپے میں قہوے کا ایک پیالہ سیاحوں کو دیتا ہوں جس سے میں پانچ سے آٹھ سو روپے ہر شام کماتا ہوں‘‘۔انہوںنے کہا کہ سیاح قہوے کے ذائقے سے متاثر ہوکر اکثر مجھ سے اس کے تیار کئے جانے کے طریقے کے متعلق پوچھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے قہوے میں وہ تمام چیزیں جیسے زعفران، بادام، خشک گلاب پھولوں کی پتیاںِ خشک میوے وغیرہ استعمال کرتا ہوں۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ جب سیاح قہوے کے گھونٹ لیتے ہیں تو وہ اس کے ذائقے کی تعریفیں کئے بغیر نہیں رہتے ہیں۔
بتادیں کہ قہوہ قوت مدافعت بڑھانے کے علاوہ کئی بیماریوں جیسے نزلہ، زکام، معدے کی کمزوری، اعصابی کمزوری وغیرہ کے لئے ایک موثر علاج ہے ۔
کشمیرکا زعفرانی قہوہ کافی مشہور ہے اور یہاں ہر گھر میں اس کو شوق سے تیار کیا جاتا ہے ۔