سرینگر//
فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ایک آپریشن کے دوران۲جنگجو مارے گئے ۔
دونوں جاں بحق جنگجوؤں کی لاشیں اسلحہ و گولہ بارود کے ساتھ بر آمد کی گئیں ۔
دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف ) کی جانب سے انٹیلی جنس اطلاع ملنے کے بعد فوج ، بی ایس ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے مژھل سیکٹر میں دراندازی کیلئے استعمال میں لائے جارہے راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی ۔
ترجمان نے بتایاکہ۱۸؍اور۱۹جولائی کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے ایل او سی کے نزدیک مشتبہ افراد کی نقل وحرکت دیکھی جس کے بعد سلامتی عملے نے ان کا پیچھا کیا۔انہوں نے کہاکہ کچھ گھنٹے کے بعد سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔
ان کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رک جانے کے بعد تصادم کی جگہ دو غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ جاں بحق ملی ٹینٹوں کے قبضے سے چار اے کے رائفلیں‘ ایک یو بی جی ایل‘پانچ یو بی جی ایل گرینیڈس‘نو میگزین‘۱۷۵؍اے کے راؤنڈ‘ چھ ہینڈ گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ ایک کامیاب آپریشن رہا جس دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہمسایہ ملک کی جانب سے وادی کشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی خاطر ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کا سلسلہ لگاتار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر تعینات افواج چوبیس گھنٹے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
دریں اثنا کشمیر زون پولیس نے ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس کشمیر وجے کمار کے حوالے سے بدھ کی صبح اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’مژھل سیکٹر میں فوج، کپوارہ پولیس اور بی ایس ایف کے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران۲جنگجو مارے گئے ‘‘۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ دونوں مہلوک جنگجوؤں کی لاشیں اسلحہ و گولہ بارود کے ساتھ بر آمد کی گئیں جبکہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔