سرینگر//
سعودی وزیر حج وعمرہ‘ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ اس سال۱۵۰ سے زیادہ ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد اٹھارہ لاکھ ۴۵ ہزار ۴۵ رہی ہے۔
سعودی وزیر نے عازمین کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کا اعلان کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق منگل کو میدان عرفات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الربیعہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ عازمین مناسک حج آسانی سے مکمل کریں اور بحفاظت ان کی واپسی ہو۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے کہا ہے کہ اس سال حجاج کی کل تعداد اٹھارہ لاکھ ۴۵ ہزار ۴۵ رہی جن میں سے۱۶ لاکھ ۶۰ ہزار۹۱۵عازمین بیرون مملکت سے آئے تھے جبکہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی تعداد ایک لاکھ۸۴ ہزار۱۳۰ کی تعداد تک پہنچ گئی‘۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ’ داخلی اور خارجی عازمین کی کل تعداد میں سے مرد عازمین کی تعداد نو لاکھ۶۹ہزار ۶۹۴ تھی جبکہ خواتین کی مجموعی تعداد آٹھ لاکھ ۷۵ہزار۳۵۱ رہی ہے‘۔
بیرون مملکت سے عرب ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد ۲۱ فیصد‘ ایشیائی ممالک کے عازمین کی تعداد۵ء۶۳فیصد جبکہ افریقی ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد۴ء۱۳فیصد رہی۔ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا سیعازمین کی تعداد۱ء۲فیصد رہی۔
عازمین حج میں سے۱۵لاکھ۹۳ہزار۲۷۱فضائی راستے‘۶۰ہزار۸۱۳عازمین بری سرحدی چوکیوں اور چھ ہزار۸۳۱عازمین بحری راستے سے سعودی عرب پہنچے۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کی تعداد سات ممالک تک پہنچ گئی۔ اس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ ۴۲ہزار۲۷۲ رہی‘۔
الربیعہ نے بتایا کہ وزات حج وعمرہ تمام اداروں اور فیلڈ ٹیموں کے تعاون سے حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے عازمین کو سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملی ہے‘۔ان کاکہنا تھا’اس سال پہلی مرتبہ داخلی عازمین کو الیکڑانک بکنگ اور قسطوں میں ادائیگی کی سہولت دی گی‘۔