سعودی عرب میں حج مقامات میں منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت میدان عرفات میں۴۸سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مطابق سعودی قومی مرکز برائے موسمیات کہا کہ ’منگل کو منی میں درجہ حرارت ۴۴ سینٹی گریڈ رہا جبکہ تیز گرم ہوائیں چلتی رہیں‘۔
قومی مرکز نے بیان میں حجاج سے کہا کہ ’وہ وزارت صحت کی ہدایات پر عمل کریں اور دھوپ کی تمازت سے بچنے کی کوشش کریں‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافے سے سن سٹروک اور گرمی سے متاثرین کے۱۴۷کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں اس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ’ بیشتر حجاج دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلیے چھتری کا استعمال نہیں رہے‘۔
بیان میں کہا گیا ’ عرفات سے مزدلفہ روانگی کے وقت زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے‘۔
قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت صحت نے عازمین حج سے کہا تھا’ وہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ( منی،عرفات، مزدلفہ) میں خود کو سورج کی تمازت سے بچائیں‘۔
’عازمین حج سن سٹروک سے بچیں اور سڑک پر نکلنے سے قبل ہلکے رنگ کی چھتری ضرور استعمال کریں‘۔ ’جیسے جیسے گرمی بڑھے پانی اور مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ خصوصی دوپہر بارہ سے تین بجے کے درمیان سورج کی تمازت سے بچنے کی کوشش کی جائے‘۔
واضح رہے کہ وزارت صحت نے سن اسٹروک کے علاج کیلئے۲۱۷بستر مختص کیے ہیں مشاعر مقدسہ کے ہسپتالوں میں ۱۶۶؍اور مکہ مکرمہ میں ۵۱بستر شامل ہیں۔
وزارت صحت نے واٹر مسٹ پنکھے بھی بڑی تعداد میں فراہم کیے ہیں جو گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں۔