سرینگر///
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ کے مولہ گام کنزر میں ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کرکے اس کے گھر سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں نشہ آور مواد رکھنے کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے ایس ڈی پی او ٹنگمرگ امتیاز احمد کی نگرانی میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ہمراہ غلام محمد تانترے ولد حبیب اللہ تانترے ساکن مولہ گام کنزر کے گھر پر چھاپہ مارا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران مذکورہ شخص کے گھر سے۱۳کلو خشخاش بھوسا جیسا مواد بر آمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس دوران غلام محمد تانترے نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس کو موقع پر پی پکڑ کر حراست میں لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کنزر میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔