سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ عید محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے جو امن اور آشتی کا پیغام پھیلاتا ہے۔
سنہا نے یہ بات ڈل جھیل کے قریب واقع حضرت بل درگاہ پر عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ’’یہ محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے‘‘۔
سنہا نے کہا’’جموں و کشمیر میں عید کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میں نے انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی ہے جس میں وقف بورڈ کے چیرپرسن بھی موجود تھیں۔ ہم نے عید کے لیے صفائی، پانی اور بجلی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔ میرے خیال میں یہ ایک ایسا تہوار ہے جو امن اور سکون کا پیغام پھیلاتا ہے‘‘ ۔
جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن درخشاں اندرابی، جو سنہا کے ساتھ تھیں، نے کہا کہ ایک خوشگوار اور خوشحال عید کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے درگاہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے نماز ادا کرنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں آنے والے عقیدت مندوں کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’ ریشی اور صوفی سنتوں نے کثرت میں وحدت او رہم آہنگی کو مضبوط کیا ہے جو ہماری عظیم قوم کی نمایاں خصوصیت ہے اور یہ سب کے لئے اَمن ، ترقی او رخوشحالی کو یقینی بنانے کی ترغیب دیتی ہے ۔‘‘
سنہا نے کہا کہ آج جموںوکشمیر ترقی کے کئی پیرا میٹروں میں ترقی یافتہ ریاستوں اور یوٹیز کے برابر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ روحانی رہنما نوجوانوں کو معاشرے اور مستقبل کی تشکیل کے لئے ہمارے مشترکہ ورثے اور اَقدار کو سمجھنے کے قابل بناتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم جموںوکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے روحانی رہنمائوں اور عام آدمی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ میں کمیونٹی کے عمائدین ، مذہبی سربراہوں ، ممتاز شہریوں او رتمام شراکت داروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان مٹھی بھر لوگوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اَپنے ہاتھ جوڑیں جو اَپنے مفادات کے لئے اَمن اور ترقی میں خلل ڈالنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔‘‘
ایل جی نے حضرت بل میں کثیر المنزلہ پارکنگ اور سڑک کو چوڑا کرنے سمیت مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ اِس سلسلے میں مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں گے اور اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان مطالبات کو جلد اَز جلد پورا کیا جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے زیارت گاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کی ترقی میں حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دِلایا۔
سنہا نے جموں وکشمیر میںآثارِ شریف درگاہ حضرت بل ، چرارِ شریف اور دیگر ممتاز مذہبی مقامات پر سیاحوں کی آمد کو بڑھانے کیلئے تمام اِمکانات کو تلاش کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر زور دیا۔