سرینگر//
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونہ مرگ سیاحتی مقام پر ہفتے کے روز سکولی بچوں کی پکنک کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہوئیں جب ایک۱۴سالہ طالب علم کی نہانے کے دوران غرقآب ہو کر موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سونہ مرگ میں ہفتے کے روز پکنک پر آئے ایک پرائیویٹ اسکول کا طالب علم دریائے سندھ میں ڈوب گیا۔
گرچہ طالب علم کو پانی سے نکال کر فوری طور پر پی ایچ سی سونہ مرگ پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی طالب علم کی شناخت ۱۴ سالہ شعیب فاروق چیچی ولد فاروق احمد چیچی ساکن چندوسہ بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے ۔
اس دوران سوپور کے سیر جاگیر علاقے میں ایک لڑکا پھورو نالے میں ڈوب گیا۔لڑکے کو بچاکر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ایک اہلکار نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نویں جماعت کا طالب علم عظیم احمد گورو ولد سہیل احمد گورو ساکن سیر جاگیر گھاٹ الصفا کالونی سوپور میں نہاتے ہوئے پھورو نالے میں ڈوب گیا۔
اس نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور پولیس نے اسے بے ہوشی کی حالت میں سوپور اسپتال لے جایا۔