سرینگر//
سرینگر میں جمعے کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۵ڈگری درج کیا گیا اور اس طرح سے اٹھارہ سال کے بعد جون کا گرم ترین دن ریکارڈ ہوا ۔
محکمہ موسمیات نے وادی میں گرمی کا زور مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ’زرد وارننگ‘جاری کی ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۲۴جون تک گرمی کا زور بڑھنے کا امکان ہے تاہم اس دوران الگ الگ تھلگ مقامات پر۲۵فیصد بارشیں بھی متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں ۲۵سے ۲۹جون تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے ۔ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت بھی مسلسل معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے گرمی میں مزید اضافہ کے پیش گوئی کے بیچ جمعے کے روز سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۰ء۳۵گری درج کیا گیا ۔
ماہر موسمیات فیضان کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اٹھارہ سال کے بعد جمعے کے روز سرینگر میں گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تین جون۲۰۱۸کے روز بھی درجہ حرارت۰ء۳۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اس وقت درجہ حرارت معمول سے۸ء۵ڈگری زیادہ ہے ۔
ماہر موسمیات نے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ۲۴جون۲۰۰۵کو سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۵ء۳۶ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔ ان کے مطابق جن مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت۲۹جون۱۹۷۸کو ۸ء۳۷ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
قاضی گنڈ کے حوالے سے فیضان عارف نے بتایا کہ جمعے کے روز قاضی گنڈ میں۶ء۳۴ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ ۳۳سال کے بعد قاضی گنڈ میں پارہ ۶ء۳۴ڈگری تک پہنچ گیا۔ ان کے مطابق ۲۵جون ۱۹۹۰کو قاضی گنڈ میں درجہ حرارت۷ء۳۵ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔
فیضان عارف نے بتایا کہ کوکر ناگ میں جمعے کے روز درجہ حرارت۳ء۳۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اٹھارہ سال بعد کوکر ناگ میں جون کے مہینے میں۳ء۳۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ماہر موسمیات نے بتایا کہ پہلگام میں جمعے کے روز۱۵سال بعد درجہ حرارت۲ء۳۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ۲۵جون۱۹۹۰کو پہلگام میں درجہ حرارت۰ء۳۲ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
اس دوران دار لحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت ۰ء۲۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۸ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۱۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
دریں اثنا وادی میں گرمی کا زور نے لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے ۔
جھلسانے والی گرمی سے بچنے کیلئے لوگ سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔