سرینگر//
جموںکشمیر حکومت نے انفرادی اسلحہ لائسنس کے حصول یا تجدید کیلئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔
وزارت امور داخلہ کی طرف سے تیار کردہ این ڈی اے ایل اے ایل ایس پورٹل درخواست دہندہ کو آن لائن موڈ کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ کے درخواست جمع کرانے کی رہنمائی کرتا ہے ۔
محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری ہدایات میں درخواست دہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ درخواست جمع کرنے سے پہلے اسلحہ لائسنس یا لائسنس کے حصول یا تجدید کیلئے آ رمز رولز۲۰۱۶کا بغور مطالعہ کریں۔
درخواست دہندگان پورٹل پر پیش کی جانے والی کسی بھی خدمت جیسے انفرادی اسلحہ لائسنسوں کا اجرا/ تجدید، علاقے میں لائسنس کے معیاد میں توسیع اور دیگر ریاستوں اور یونین ٹریٹریوں سے جاری کردہ اسلحہ لائسنسز کی رجسٹریشن کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
ایپلیکیشن پورٹل درخواست دہندگان کو پورٹل پر مطلوبہ دستاویزات سمیت تمام تفصیلات اپ لوڈ کرنے میں رہنمائی کرے گا۔
درخواست دہندگان پورٹل پر اپنی درخواست کا سٹیٹس ٹریک کر سکتے ہیں۔
ہدایات میں درخوست دہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ غلط معلومات پیش نہ کریں، کسی ایسے ضلع سے درخواست جمع نہ کریں جو آپ کی رہائش کی جگہ نہ ہو۔
ہدایات میں کہا گیا ہے’’اگر آپ کے پاس اسلحہ کا درست لائسنس نہیں ہے تو ہتھیار اپنے پاس نہ رکھیں اور کسی غیر مجاز شخص کے پاس اپنا لائسنس یا ہتھیار نہ رکھیں۔‘‘