سرینگر//
جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں موسلا دھاربارشوں کے بیچ زور دار ژالہ باری ہوئی جس وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات صبح دس بجے کے قریب جنوبی ضلع پلوامہ اور اسلام آباد کے ڈورو علاقے میں ژالہ بھاری سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع پلوامہ کے گڈر، کریم آباد ،نیو ا،اندر میں شدید ژالہ بھاری سے دھان کی فصلوں ، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ژالہ بھاری سے دھان کی فصلوں کو بے تحاشہ نقصان پہنچا ہے اور میوہ جات بشمول سیب، ناشپاتی، خوبانی، اخروٹ وغیرہ کے باغوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں سے فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔
ادھر وادی میں جمعرات کو بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے لوگوں کو اگرچہ سخت گرمی سے راحت نصیب ہوئی لیکن سڑکوں پر جمع پانی سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شہر و گام کی سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی اس قدر جمع ہے کہ بچوں کو غرقآب ہونے کے خطرات لاحق ہیں اور عمر رسیدہ افراد اور خواتین کا چلنا پھرنا بھی خطرے سے باہر نہیں ہے ۔
لوگوں نے کہا کہ ان گڑھوں سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک پیدل سفر کرنے والوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔