سرینگر//
سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے جمعرات کو متعدد مقامات پر چھاپے ڈالے ۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کی جانب سے رشوت کی پیشکش کے الزامات کی سی بی آئی تحقیقات کر رہی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے سینئر آئی اے ایس آفیسر پرنسپل سیکریٹری زراعت پیداوار‘ نوین چودھری کے گھر پر چھاپہ مارا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایجنسی نے ممبئی، نئی دہلی ، بہار اور جموں میں ایک کنسٹرکشن کمپنی کے احاطے کے ساتھ ساتھ چناب ویلی پروجیکٹس کنسٹرکشن لمیٹیڈ کے سابق آفیسران کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے ڈالے اور وہاں کئی گھنٹوں تک تلاشی لی۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران سی بی آئی نے اہم کاغذات ضبط کئے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے الزام لگایا ہے کہ اُنہیں دو فائلوں پر دستخط کرنے کی خاطر تین سو کرو ڑروپے کی پیشکش کی گئی تھی جس سے انہوں نے سرے سے مسترد کیا۔
سابق گورنر کے الزام کے بعد جموں وکشمیر کی موجودہ انتظامیہ نے ان الزامات کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے ۔
ملک نے گزشتہ دنوں ہی نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہے اور اگر اُنہیں گورنر کے عہدے سے بھی ہٹایا گیا تب وہ اپنے بیان پرچٹان کی طرح قائم رہیں گے ۔