سرینگر//وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے ساتھ ہی جہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع باغ گل لالہ کو کھولنے کیلئے جہاں کام شد ومد سے جاری ہے وہیں شہر خاص کے رعناواری علاقے میں واقع بادام واری میں لگے بادام کے درختوں پر پھوٹے دلکش شگوفے بھی قابل دید سماں پیش کر رہے ہیں۔یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے جمعے کو بادام واری کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ بادام کے درختوں پر پوٹھے سفید و گلابی رنگ کے شگوفے قابل دیدہ ہیں جن سے روح کو سکون اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے ۔نمائندے نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ قطعہ اراضی سفید و گلابی رنگ کے پھولوں کے لباس میں ملبوس سیاحوں کی آمد کی منتظر ہے ۔موصوف نے وہاں تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی سیاح سے بھی بات کی جو بادام واری کی خوبصورتی کو دیکھ کر دنگ ہو کر رہ گئی تھی۔بتادیں کہ بہار نو کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے دیگر مشہور سیاحتی مقامات و باغات کی طرح بادام واری میں بھی سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے اور خاص طور پر مقامی لوگ اپنی تھکن اور دنیاوی پریشانیوں سے چھٹکارا پانے کیلئے بادام واری میں حاضر ہو جاتے ہیں۔بہار کی ابتدا میں ہی سرینگر میں زبرون کی پہاڑی کے دامن میں واقع باغ گل لالہ کو بھی اپریل کے اوائل میں کھولنے کی تیاریاں زور و شور سے کی جا رہی ہیں۔اس دوران کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے اور شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج ہتری واقع ہو رہی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں ماہ رواں کی۱۷تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ بیشترعلاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت۷ء۳ڈگری سینٹی گرہڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت ۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز صبح سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا اور لوگوں کو خوش کن دھوپ سے دکان تھڑوں، پارکوں، باغوں اور صحنوں میں لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔وادی میں موسم میں بہتری کے ساتھ جہاں شہر و گام میں تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوئے ہیں وہیں دیہی علاقوں میں کسانوں کو بھی اپنے اپنے میوہ باغوں اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں کے ساتھ مصروف دیکھا جا رہا ہے ۔