سرینگر//اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے سیلز ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں تعینات انسپکٹر کو تین لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک شخص نے اینٹی کرپشن بیورو میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ سیلز ٹیکس انسپکٹر خالد بشیر تانترے ۱۴لاکھ روپے کے سیلز ٹیکس جرمانے کو نپٹانے کیلئے تین لاکھ روپے کی رشوت طلب کر رہا ہے۔شکایت کنندہ ایک بزنس یونٹ چلا رہا ہے اور اْس کو سیلز ٹیکس محکمہ کی جانب سے۱۴لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شکایت موصول ہوتے ہی اے سی بی نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر۹/۲۰۲۲زیر دفعہ۷ پی سی ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔اے سی بی نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو نے راشی انسپکٹر کو پکڑنے کی خاطر ایک جال بچھایا جس دوران خالد بشیر تانتر ے نامی سیلزٹیکس انسپکٹر کو سائل سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔اْن کے مطابق آزاد گواہوں کی موجودگی میں سیلز ٹیکس انسپکٹر سے تین لاکھ روپے رشوت کی رقم برآمد کرکے ضبط کی گئی۔بیورو کے مطابق گرفتاری کے فوراً بعد سیلز ٹیکس انسپکٹر کے گھر پر چھاپہ ڈالا گیا اور وہاں پر بھی تلاشی لی گئی۔اے سی بی کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہے۔